Back to Learning Plan
اسکرین کی لت: جب اسکرین دل کو بے حس کر دے
Day 1: ڈیجیٹل ڈوباؤ
آیاتِ قرآنی
سبق اور تدبر
ہماری زندگی کا ہر لمحہ بے حد قیمتی ہے۔ وقت ایک انمول نعمت ہونے کے ساتھ ایک بڑی آزمائش بھی ہے، کیونکہ یہ بھی مال کی طرح ایک امانت ہے۔ مگر افسوس، ہم مصروفیت کا دعویٰ کرتے کرتے اسی امانت کو غفلت اور بے پرواہی سے ضائع کر رہے ہیں۔ ہم گھنٹوں فضول ویڈیوز اور پوسٹس اسکرول کرنے میں گزار دیتے ہیں، اور آخر میں دل کی ویرانی، وقت کی کمی اور بے برکتی کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔ دن ہمیں چھوٹے لگنے لگے ہیں، کیونکہ ہماری زندگیوں سے برکت اٹھ چکی ہے۔ اللہ نے ہمیں یہ نعمت اس لیے عطا کی تھی کہ ہم اسے بامقصد اور کارآمد کاموں میں صرف کر کے اپنی دنیا اور آخرت سنواریں۔ ہمارے اسلاف نے انہی چوبیس گھنٹوں میں تاریخ رقم کی، جبکہ ہم انہی لمحوں کو اسکرینوں کے پیچھے گنوا رہے ہیں۔
سورہ العصر جس کا مطلب 'وقت یا گزرنے والا زمانہ' ہے، کامیابی کی چار شرائط بتاتی ہے: ایمان، نیک عمل، حق کی تلقین، اور صبر۔ یہ چاروں اوصاف خود بخود کسی اتفاق، غفلت یا خلا میں نہیں، بلکہ اسی دنیا میں پیدا ہوتی ہیں جہاں وقت پانچواں جہت ہے، جو مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور ہمیں بھی اپنے ساتھ لے جا رہا ہے۔ اسی لیے وقت کو باشعوری طور پر استعمال کرنا ضروری ہے، کیونکہ وقت صرف گزر نہیں رہا بلکہ ہمارے اعمال پر گواہی بھی دے رہا ہے۔
ٹیکنالوجی کو بالکل چھوڑ دینا حل نہیں، بلکہ اصل توازن اس بات میں ہے کہ ہم اسے عادت بنانے کی بجائے ایک مفید آلے کے طور پر بامقصد طریقے سے استعمال کریں۔ ہم میں سے اکثر اسکرین کام کے ارادے سے کھولتے ہیں، مگر دیکھتے ہی دیکھتے کام سے ہٹ کر خود کو وقت ضائع کرنے والی تفریح میں مشغول پاتے ہیں۔
اسلام ہمیں وقت کے معاملے میں اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے اور روزِ قیامت اس پر جواب دہ ہونے کا سبق دیتا ہے۔ مسلسل اسکرین کے استعمال سے نہ صرف وقت کی قدر ختم ہوتی ہے بلکہ اللہ، خاندان، دوستوں اور معاشرے کے ساتھ تعلقات بھی متاثر ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سے ہم کسی بھی کام پر توجہ مرکوز نہیں کر پاتے اور دل ویران سا محسوس ہوتا ہے۔ آخرکار، ہم اپنی زندگی کے اصل مقصد سے غافل ہو جاتے ہیں۔
اس سے بچنے کا پہلا قدم نقصان کو پہچاننا ہے، کیونک ہ ہر لمحہ جو اسکرین میں کھو گیا، زندگی کا ایک حصہ اپنے ساتھ لے گیا ہے۔ اور جتنا زیادہ ہم ان لمحات کو کھوتے جاتے ہیں، اتنا ہی ہمارا دل بے مقصد ہوتا جاتا ہے۔
حدیث
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
"دو نعمتیں ایسی ہیں کہ اکثر لوگ ان کی قدر نہیں کرتے,صحت اور فراغت۔"
(صحیح بخاری، حدیث 6412)
ضرورت سے زیادہ اسکرین استعمال کرنا اکثر ان دونوں کو ضائع کر دیتا ہے۔
عملی سرگرمی
اسکرین ٹائم آگاہی: آپ آج ہی اپنے موبائل اور لیپ ٹاپ کا اسکرین ٹائم چیک کریں۔ دیکھیں کن 1-2 ایپس پر آپ کا سب سے زیادہ وقت ضائع ہوتا ہے۔ ان میں سے کم از کم 15 منٹ کم کریں۔ اُس وقت کو ذکر، دعا یا خاموش تدبر میں گزاریں۔
قرآنی دعا
رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنفُسَنَا وَإِن لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ ﴿٧:٢٣﴾
حصن المسلم سے دعا
اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا، وَرِزْقًا طَيِّبًا، وَعَمَلًا مُتَقَبَّلًا
"اے اللہ!میں تجھ سے فائدہ دینے والے علم، پاک رزق، اور قبول ہونے والے عمل کا سوال کرتا ہوں۔"
ابن ماجہ: 925
حصن المسلم:95
تدبر کے سوالات
اسکرین میں زیادہ دیر کھوئے رہنے کی وجہ سے میرا دل کس چیز سے محروم ہے؟ کتنے ہی قیمتی لمحے ہم نے عارضی اور بے مقصد مواد کے پیچھے ضائع کر دیے، جو ہمارے دل کو سکون اور ایمان کو تقویت بخش سکتے تھے؟ اور میں آج اس روش کو بدلنے کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟